اہم خبریں

بلوچستان میں 23 ہڑتالی ڈاکٹرز معطل،25 کو شوکاز نوٹس

کوئٹہ (اے بی این نیوز) محکمہ صحت بلوچستان نے 23 ڈاکٹروں کو معطل اور 25 ڈاکٹروں کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے۔
محکمہ صحت بلوچستان نے 5 ٹرینی ڈاکٹروں کی پوسٹ گریجویٹ تربیتی رجسٹریشن بھی معطل کردی ہے اور ان کے خلاف باضابطہ انکوائری کا آغاز کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند کے مطابق عدلیہ کے احکامات کے تحت انسانی جانوں اور صحت سے متعلق اداروں میں ہڑتال اور بندش غیر قانونی اقدامات ہیں۔

شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان کے تمام سرکاری صحت کے ادارے کھلے رہیں گے، لازمی سروسز سے غیر حاضر ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی ہوگی، سنیئر ڈاکٹرز کی تجویز پر حکومت بلوچستان نے صحت کے اداروں میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کردی۔

انہوں نے بتایا کہ کمیٹی میں صوبائی حکومت کے افسران، سنیئرز ڈاکٹرز ، محکمہ صحت اور سیکورٹی حکام شامل ہوں گے، صحت کا شعبہ براہ راست انسانی جانوں سے وابستہ ہے، عوامی مفاد کے خلاف کسی اقدام یا قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

بلوچستان کے وزیراعلیٰ کے معاون شاہد رند نے کہا کہ ڈاکٹر برادری کے جائز مسائل کے حل اور صحت کے نظام کی بہتری کے لئے اقدامات جاری ہیں، قانون اور سروس رولز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، تمام معاملات میں شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے ذریعے حقائق اور ذمہ داریوں کا تعین کیا جائےگا۔
مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں حکومت سازی پر پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان مشاورت جاری

متعلقہ خبریں