اہم خبریں

سوئی گیس کی فراہمی متاثر،بندش کا نیا شیڈول سامنے آگیا

کراچی( اے بی این نیوز)سوئی سدرن گیس کمپنی( Sui Southern Gas Company) نے شہر کے مختلف علاقوں میں عارضی گیس بندش کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔

کمپنی کے مطابق نیپا فلائی اوور کے قریب بی آر ٹی روٹ پر 20 انچ قطر کی ہائی پریشر گیس پائپ لائن کی لوئرنگ کا کام کیا جائے گا، جس کے باعث کئی علاقوں میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی جبکہ بعض مقامات پر گیس پریشر کم ہونے کا امکان ہے۔

ترجمان کے مطابق یہ کام ٹرانس کراچی کی درخواست پر بی آر ٹی منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت کیا جا رہا ہے۔ مرمتی کام 23 مئی رات 10 بجے سے اتوار صبح 5 بجے تک مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی، تاہم تکنیکی وجوہات کے باعث کام صبح 8 بجے تک بھی جاری رہ سکتا ہے۔

اس دوران لیاقت نیشنل اسپتال، آغا خان اسپتال اور کراچی سینٹرل جیل سمیت متعدد اہم مقامات متاثر ہوں گے۔

کمپنی کے مطابق سائٹ انڈسٹریل ایریا میں گیس پریشر کم رہے گا جبکہ گلشنِ اقبال کے تمام بلاکس، پی آئی بی کالونی، جمشید روڈ، لائنز ایریا، پی ایچ ایس سوسائٹی، صدر، کھارادر، لیاری اور گارڈن سمیت اطراف کے علاقوں میں بھی گیس پریشر میں کمی کا امکان ہے۔

گیس کمپنی نے کہا ہے کہ کام مکمل ہوتے ہی گیس کی فراہمی بحال کر دی جائے گی اور صارفین کو آگاہ کر دیا جائے گا، جبکہ شہریوں کو پیش آنے والی تکلیف پر معذرت بھی کی گئی ہے۔
مزید پڑھیں‌:بادل کہاں کہاں برسیں گے؟ جانیے موسم کی تازہ ترین اپڈیٹ

متعلقہ خبریں