اہم خبریں

بادل کہاں کہاں برسیں گے؟ جانیے موسم کی تازہ ترین اپڈیٹ

اسلام آباد( اے بی این نیوز)‌ ملک کے مختلف شہروں میں آج موسم شدید گرم رہا، جہاں کئی مقامات پر درجہ حرارت خطرناک حد تک بلند ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دادو میں درجہ حرارت 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جبکہ جیکب آباد م میں پارہ 48 ڈگری تک رہا۔

اسی طرح شہید بینظیر آباد ، لاڑکا نہ اور موئن جو دڑو میں درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کی پیشگوئی کے مطابق آج رات اور اتوار کے روز اسلام آباد اور گردونواح میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بعض علاقوں میں جزوی ابر آلود صورتحال اور گرج چمک کے ساتھ بارش بھی ہو سکتی ہے، جس کا امکان 30 فیصد تک بتایا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں جزوی ابر آلود موسم اور چند مقامات پر تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جن میں دیر، سوات، ایبٹ آباد، مالم جبہ، کوہستان، باجوڑ، کالام اور چترال شامل ہیں۔

پنجاب میں زیادہ تر علاقے گرم اور خشک رہیں گے، تاہم مری، گلیات، اٹک اور راولپنڈی میں شام یا رات کے وقت گرج چمک اور آندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کی پیشگوئی ہے۔ سندھ کے زیادہ تر علاقے شدید گرم رہیں گے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں جزوی ابر آلود موسم کے ساتھ چند مقامات پر گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے گرمی کی شدت میں عارضی کمی متوقع ہے۔
مزید پڑھیں‌:آئی ایم ایف کی بجلی سےمتعلق نئی شرط سامنے آگئی

متعلقہ خبریں