اہم خبریں

آئی ایم ایف کی بجلی سےمتعلق نئی شرط سامنے آگئی

اسلام آباد(اے بی این نیوز) حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ(International Monetary Fund) کی شرط پر بجلی کی سبسڈی محدود کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف کی شرائط کے تحت اب بجلی پر سبسڈی صرف غریب اور کم آمدن والے صارفین کو دی جائے گی، جبکہ 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے وہی صارفین سبسڈی کے اہل ہوں گے جوبے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (Benazir Income Support Programme) میں رجسٹرڈ ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق سبسڈی کے حصول کے لیے صارفین کو QR کوڈ اسکین کر کے رجسٹریشن کرنا ہوگی، جس کے بعد ان کا ڈیٹا نادرا( NADRA) سے تصدیق کیا جائے گا۔

حکومتی منصوبے کے مطابق یکم جنوری 2027 کے بعد ملک بھر میں مکمل طور پر ٹارگٹڈ سبسڈی نظام نافذ کر دیا جائے گا۔ اس نظام کے تحت ایک سے زائد میٹر رکھنے والوں اور بڑے گھروں کو سبسڈی نہیں ملے گی۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ بجلی، گیس اور آٹے کی سبسڈی صرف مستحق اور کم آمدن افراد کا حق ہے، اس لیے نظام کو شفاف بنایا جا رہا ہے۔

دوسری جانب شہریوں نے اس فیصلے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں سیاسی بنیادوں پر رجسٹریشن کے خدشات موجود ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑے شہروں میں چھوٹے گھروں میں متعدد خاندان رہتے ہیں، جس کی وجہ سے وہ غیر منصفانہ طور پر سبسڈی سے محروم ہو جاتے ہیں۔

عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت پہلے اعلیٰ سطحی مراعات کا جائزہ لے، جن میں ایوان صدر، وزیراعظم ہاؤس، پارلیمنٹ، ججز، بیوروکریسی اور دیگر اداروں کو دی جانے والی مفت یوٹیلٹی سہولیات شامل ہیں۔

مزید مطالبے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری گاڑیوں کے ایندھن، غیر ملکی دوروں، اور دیگر اخراجات کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں اور کفایت شعاری کے اقدامات سب سے پہلے حکمران طبقے پر لاگو کیے جائیں۔
مزید پڑھیں‌:پی سی بی کا بیٹنگ کوچ کے حوالے سے اہم اعلان

متعلقہ خبریں