اسلام آباد(اے بی این نیوز)اسلام آباد سے راولپنڈی آنے والی میٹرو بس کے انجن میں اچانک آگ لگ گئی، جس کے باعث بس میں دھواں بھر گیا اور دروازے لاک ہو گئے۔
رپورٹس کے مطابق میٹرو بس میں دھواں بھرنے سے بیش تر خواتین اور بچوں سمیت مسافروں کی حالت خراب ہو گئی، کیوں کہ بس کے دروازے لاک ہو گئے تھے اور وہ فوری طور پر باہر نہیں نکل پا رہے تھے۔
بس کے دروازے لاک ہونے پر مسافر شیشے توڑ کر باہر نکلے اور جانیں بچائیں، ریسکیو ذرائع کے مطابق میٹرو بس میں آگ لگنے سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، جب کہ اطلاع ملنے پر میٹرو بس عملہ موقع پر پہنچ گیا اور امدادی کارروائیاں کیں۔
واضح رہے کہ راولپنڈی-اسلام آباد میٹرو بس جڑواں شہروں کے درمیان ایک تیز اور جدید ترین پبلک ٹرانسپورٹ سروس ہے، جو راولپنڈی کے علاقے صدر سے لے کر اسلام آباد کے سیکرٹریٹ تک چلتی ہے، جس کی کُل لمبائی تقریباً 24 کلو میٹر ہے اور اس پر 24 اسٹیشنز موجود ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد،خلع کی شرح میں خطرناک اضافہ،یومیہ 300 سے زائد مقدمات دائر















