لندن (اے بی این نیوز) برطانیہ نے آبنائے ہرمز میں ممکنہ سکیورٹی مشن سے قبل مشرق وسطیٰ میں اپنا جنگی جہاز تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی رائل نیوی کے جنگی جہاز ایچ ایم ایس ڈریگن کو ممکنہ جہاز کے تحفظ اور مائن کلیئرنس آپریشنز میں حصہ لینے کے لیے خطے میں بھیجا جا رہا ہے۔
اس بات کا اعلان برطانوی وزارت دفاع کے ایک بیان میں کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ یہ منصوبہ مکمل طور پر دفاعی نوعیت کا ہے اور اس کا مقصد آبنائے ہرمز میں بین الاقوامی جہاز رانی کو محفوظ بنانا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ مشن کثیر القومی اتحاد کے تحت چلایا جائے گا جس کی قیادت برطانیہ اور فرانس مشترکہ طور پر کر رہے ہیں جبکہ دیگر اتحادی ممالک کو بھی اس میری ٹائم سکیورٹی مشن میں شمولیت کی دعوت دی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے برطانوی حکام کا مزید کہنا تھا کہ ایچ ایم ایس ڈریگن کی پیشگی تعیناتی احتیاطی منصوبہ بندی کا حصہ ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر برطانیہ فوری کارروائی کے لیے تیار ہے۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین شپنگ لین میں سے ایک ہے، جہاں سے دنیا کی تیل کی سپلائی کا ایک بڑا حصہ گزرتا ہے اور ایران نے فروری کے آخر سے اسے اسرائیلی اور امریکی حملوں کے جواب میں بند کر رکھا ہے۔
مزید پڑھیں:بڑی خبر،پاکستان اور چین کے درمیان اہم معاہدے طے پا گئے















