اہم خبریں

بڑی خبر،پاکستان اور چین کے درمیان اہم معاہدے طے پا گئے

لاہور (اے بی این نیوز) پاک چین صنعتی و تجارتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان متعدد مفاہمت کی یادداشتوں اور تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے گئے۔

اے پی پی کی ایک رپورٹ کے مطابق مقامی ہوٹل میں منعقدہ پاک چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس کے کامیاب میچ میکنگ سیشنز کے بعد پاکستان اور چینی کمپنیوں کے درمیان متعدد مفاہمت کی یادداشتوں اور تجارتی معاہدوں پر دستخط کیے گئے جہاں وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی موجودگی میں اہم معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس میں 74 چینی کمپنیوں کے 105 نمائندوں اور 136 پاکستانی کمپنیوں کے 242 نمائندوں نے شرکت کی۔ گھریلو برقی آلات کے شعبے میں 15 مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، اس شعبے میں سب سے بڑی سرمایہ کاری $40 ملین تک پہنچ گئی۔ اسی طرح الیکٹریکل سیکٹر میں 10 اہم معاہدوں پر دستخط کیے گئے اور سب سے بڑا معاہدہ $60 ملین کا تھا۔

مزید بتایا گیا کہ بیٹری سٹوریج کے شعبے میں 27 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کیے گئے اور سب سے زیادہ 82 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی اور پاک چین بزنس ٹو بزنس کانفرنس میں مزید 40 ایم او یوز پر بات چیت جاری ہے جس سے صنعتی تعاون کے نئے امکانات کھلے ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان معاشی استحکام اور صنعتی ترقی کی جانب گامزن ہے، حکومت صنعتی ترقی اور برآمدات کے فروغ کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی تعاون دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کا اہم ذریعہ ہے۔ پاک چین کمپنیوں کے درمیان ہونے والے ان معاہدوں نے مختلف شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولے ہیں جس سے پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی اور تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
مزید پڑھیں‌:بھارت کا جنگی جنون کم نہ ہوا، ایک اور میزائل کا تجربہ

متعلقہ خبریں