مہمند (اے بی این نیوز) ضلع مہمند میں سی ٹی ڈی، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں خوارج کے سہولت کاروں کی گرفتاری روکنے کے لیے پی ٹی ایم کے کارکنان اور کچھ مقامی افراد نے ہنگامہ آرائی کی۔
تفصیلات کے مطابق ضلع مہمند کے گاؤں حلیم زئی نا صافی میں پولیس، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے خوارج کی سہولت کاری میں ملوث ایک شخص احمد شیر ولد نور شیر کو مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر گرفتار کرلیا۔ گرفتاری کے دوران سہولت کار کے ساتھیوں اور پی ٹی ایم کارکنوں نے گرفتاری کو روکنے کے لیے لاٹھیوں اور پتھروں سے ہنگامہ آرائی شروع کردی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مشتعل افراد کو منتشر کردیا۔
واضح رہے کہ اس طرح کی کارروائیاں سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کر سکتیں اور خوارج اور ان کے سہولت کاروں کو چن چن کر نشانہ بنایا جائے گا۔
نیشنل ایکشن پلان اور آپریشن ازم استقامت کے تحت خوارج اور ان کے سہولت کاروں کا گھیرا مزید سخت کیا جا رہا ہے۔ خوارج اور ان کے سہولت کاروں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا اور ان کے مکمل خاتمے تک یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم کہاں جا رہے ہیں؟اہم دورے کی تفصیلات سامنے آگئیں















