اہم خبریں

وزیراعظم کہاں جا رہے ہیں؟اہم دورے کی تفصیلات سامنے آگئیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف رواں ماہ 23 سے 25 مئی تک چین کا اہم سرکاری دورہ کریں گے جہاں دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک پارٹنرشپ، اقتصادی تعاون اور علاقائی صورتحال سمیت مختلف اہم امور پر اعلیٰ سطحی مذاکرات متوقع ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق دورہ چین کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف چینی صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے جس میں پاک چین تعلقات کو مزید وسعت دینے، اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے امکانات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ اس موقع پر دونوں ممالک تاریخی دوستی اور دیرینہ شراکت داری کے نئے دور میں داخل ہونے کے عزم کا اعادہ بھی کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطحی ملاقاتوں میں تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، انفراسٹرکچر اور چین پاکستان اقتصادی راہداری سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ دونوں قیادتیں خطے کی مجموعی صورتحال اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لیے مستقبل کی حکمت عملی پر بھی غور کریں گی۔

حکومتی حلقوں کے مطابق وزیراعظم کے دورے کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا امکان ہے جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعلقات مزید مضبوط ہونے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں‌:آزاد جموں و کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، انتخابی امور پر اہم مشاورت

متعلقہ خبریں