اسلام آباد(اے بی این نیوز) پمز (پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز) انتظامیہ نے اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان کے آنکھوں کے علاج سے متعلق تفصیلی پریس ریلیز جاری کر دی ہے۔
پمز انتظامیہ کے مطابق عمران احمد خان نیازی کو 28 اپریل کو آنکھوں کے فالو اپ علاج کے لیے پمز اسپتال لایا گیا، جہاں انہیں اینٹی وی ای جی ایف انٹرا ویٹریل انجیکشن کی چوتھی ڈوز دی گئی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام طبی طریقہ کار سے قبل مریض کی مکمل رضا مندی حاصل کی گئی، اور علاج ماہرین چشم کی نگرانی میں انجام دیا گیا۔ معائنے کے دوران مریض کو طبی طور پر مستحکم قرار دیا گیا۔
پمز انتظامیہ کے مطابق آپٹیکل کوہیرنس ٹوموگرافی (OCT) کے نتائج میں بہتری کے آثار دیکھے گئے ہیں، جو علاج کے مثبت اثرات کو ظاہر کرتے ہیں۔
پریس ریلیز میں مزید بتایا گیا ہے کہ تمام طبی عمل مکمل آگاہی، معیاری نگرانی اور پروٹوکول کے تحت آپریشن تھیٹر میں انجام دیا گیا، اور اسے ڈے کیئر سرجری کے طور پر مکمل کیا گیا۔
علاج کے دوران، اس سے پہلے اور بعد میں مریض کی حالت مستحکم رہی۔ تمام ضروری فالو اپ ہدایات اور طبی دستاویزات کے ساتھ عمران خان کو واپس منتقل کر دیا گیا۔
پمز انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریض کی مزید دیکھ بھال اور فالو اپ علاج مقررہ طبی شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔
مزید پڑھیں:ایران کی اقوام متحدہ میں بڑی کامیابی، خوشخبری ،امریکا میں صف ماتم بچھ گیا















