اسلام آباد ( نیوز ڈیسک )صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف نے لکی مروت میں پولیس اسٹیشن پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔صدر عارف علوی نے اپنے بیان میں شہید پولیس اہلکاروں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعا کرتے ہوئے شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ دہشتگردی کی باقیات کے مکمل خاتمے تک ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا دہشتگردوں، ان کے معاونین اور سہولت کاروں کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، خیبرپختونخوا حکومت شہید پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ کو شہدا پیکج دے۔شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پولیس کے افسران اور جوانوں نے دہشتگردی کے خلاف عظیم قربانیاں دی ہیں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے بھی لکی مروت میں تھانے پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔