گلگت( اے بی این نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے صوبائی صدر امجد حسین ایڈووکیٹ نے خبردار کیا ہے کہ الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد کسی بھی وفاقی وزیر کا گلگت بلتستان کا دورہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہوگا، جس سے علاقے میں سیاسی کشیدگی اور بداعتمادی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان متوقع طور پر دورہ کرنے والے ہیں، جو کہ الیکشن شیڈول کے بعد غیر قانونی اقدام ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق (ایس او پیز) کے مطابق کسی بھی سرکاری عہدیدار کو انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لینے یا سرکاری وسائل استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوتی۔
امجد حسین ایڈووکیٹ نے چیف الیکشن کمشنر سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ صاف و شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے اپنی آئینی و قانونی ذمہ داری کا بھرپور احساس کریں اور کسی بھی ممکنہ خلاف ورزی کو فوری طور پر روکیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو غیر جانبداری کو یقینی بناتے ہوئے ایسے تمام اقدامات کا سدباب کرنا چاہیے جو انتخابی عمل پر اثرانداز ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وفاقی وزیر کا دورہ ہوا اور اس دوران سرکاری وسائل، جیسے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے جیسے اقدامات کیے گئے، تو یہ نہ صرف انتخابی قوانین کی خلاف ورزی ہوگی بلکہ اس سے حالات بھی خراب ہو سکتے ہیں۔ ایسی صورتحال میں پیدا ہونے والی کشیدگی کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ جن افراد کے پاس کوئی سرکاری عہدہ نہیں وہ جی بی میں آ کر اپنی انتخابی مہم جاری رکھ سکتے ہیں تاہم سرکاری عہدیداران کے لیے ایسا کرنا غیر قانونی ہے۔
آخر میں انہوں نے خبردار کیا کہ گلگت بلتستان کے حالات پہلے ہی مکمل طور پر مستحکم نہیں ہیں، اس لیے کسی بھی غیر ذمہ دارانہ اقدام سے حالات مزید بگڑ سکتے ہیں، جس سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر کردار ادا کریں۔
مزید پڑھیں:زلزلے کے جھٹکے محسوس ،لوگ گھروں سے باہر نکل آئے















