اسلام آباد(اے بی این نیوز) محکمہ موسمیات نے آئندہ چند روز میں ملک بھر میں بارش، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی پیش گوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی وارننگ جاری کردی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کی نئی لہر 16 اپریل سے پاکستان میں داخل ہوگی جس کے زیر اثر 16 سے 19 اپریل تک مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری بھی متوقع ہے جب کہ بلوچستان میں 17 سے 18 اپریل تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد اور پنجاب میں 16 سے 18 اپریل تک موسلا دھار بارش، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ سندھ میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 16 سے 19 اپریل تک ہلکی بارش، تیز ہواؤں اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جب کہ چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ موسلا دھار بارش سے کمزور ڈھانچوں اور فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کا بھی خطرہ ہے۔
مزید پڑھیں:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 100 ڈالر سے نیچے آگئی















