لاہور( اے بی این نیوز)وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے تحت اعلیٰ معیار کی تجارت اور جدید شہری ترقی کو فروغ دینے کے لیے، پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی سی بی ڈی ڈی اے) جو عام طور پر سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی پنجاب) کے نام سے جانی جاتی ہے، نے اپنا نیا پریمیئم کمرشل منصوبہ”دی شو روم”متعارف کروا دیا ہے۔ یہ منصوبہ پنجاب میں لگژری آٹوموبائل ریٹیل کے لیے پہلا مخصوص ڈسٹرکٹ بننے جا رہا ہے۔
”دی شو روم”سی بی ڈی قائد ڈسٹرکٹ میں خوبصورت لیک کے سامنے اسٹریٹجک لوکیشن پر واقع ہے، جو آٹو موٹیوانڈسٹری کو بہترین کاروباری مواقع فراہم کرتا ہے۔ عالمی معیار کی آٹوموبائل برانڈز کے لیے ڈیزائن کیا گیا یہ منصوبہ جدید انفراسٹرکچر، معیاری سہولیات اور اعلیٰ درجے کے ماحول کے ساتھ تیار کیا گیا ہے تاکہ پریمیم گاڑیوں کی نمائش، فروخت اور برانڈ تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
“دی شو روم”میں صرف آٹھ کمرشل پلاٹس دستیاب ہیں جس میں ہر پلاٹ 1.5 کنال (6,750 مربع فٹ) رقبے پر مشتمل ہے۔ سرمایہ کار1:3کے فلور ایریا ریشو (ایف اے آر) اور 65 فٹ بلڈنگ ہائیٹ کے فوائد حاصل کریں گے، جو وسیع اور فنِ تعمیر کے لحاظ سے ممتاز آٹوموبائل شو رومز بنانے کے قابل بناتا ہے۔ ہر پلاٹ کی قیمت 30 کروڑ روپے رکھی گئی ہے جو سی بی ڈی پنجاب کے تیزی سے بڑھتے ہوئے کمرشل ماحول میں اس کی مضبوط کاروباری صلاحیت اور منافع بخش سرمایہ کاری کی عکاسی کرتی ہے۔
اس منصوبے کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے سی ای او سی بی ڈی پنجاب عمران امین نے کہا”دی شو روم”ہمارے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ ہم پنجاب میں کمرشل ترقی کے معیار کو نئے سرے سے متعین کریں، اور پریمیئم صنعتوں کے لیے خصوصی ڈسٹرکٹس متعارف کروائیں۔ لگژری آٹوموبائل برانڈز کے لیے مخصوص جگہ فراہم کر کے ہم نہ صرف کمرشل معیار کو بلند کر رہے ہیں بلکہ عالمی اور مقامی سرمایہ کاروں کو اس تبدیلی پذیر بزنس منظرنامے کا حصہ بننے کی دعوت بھی دے رہے ہیں۔”
“دی شو روم”اعلیٰ درجے کے آٹوموبائل برانڈز اور سرمایہ کاروں کو پاکستان کے سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے بزنس ڈسٹرکٹ میں اپنی نمایاں موجودگی قائم کرنے کے لیے ایک اہم مرکز بننے جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:اسلام آباد ہائی کورٹ بار نے وفاقی آئینی عدالت کی منتقلی کا مطالبہ کر دیا















