اسلام آباد (اے بی این نیوز ) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ترک صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات 51ویں او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کے موقع پر ہوئی، جس میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور ترک وزیر خارجہ بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے باہمی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر فلسطین میں جاری اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی گئی، جبکہ ایران کی خودمختاری اور اپنے دفاع کے حق کی بھرپور حمایت بھی دہرائی گئی۔
اسحاق ڈار نے ترک صدر کو وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے نیک تمنائیں پہنچائیں اور کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے ترک صدر کو او آئی سی یوتھ فورم ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کی اور اجلاس کے کامیاب انعقاد پر ترک قیادت کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
دونوں ممالک کی قیادت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غزہ میں فوری جنگ بندی کو یقینی بنائے اور انسانی امداد کی بلاروک ٹوک فراہمی کے لیے عملی اقدامات کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کا فوری خاتمہ ضروری ہے تاکہ معصوم شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔