اسلام آباد(نیوز ڈیسک )اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج کے دوران استعمال ہونے والی خیبرپختونخوا حکومت کی مشینری، ریسکیو گاڑیاں اور اہلکار اسلام آباد پولیس نے تحویل میں لے لیے۔
ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران رکاوٹیں ہٹانے اور کارکنوں کی مدد کے لیے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی جانب سے لائی گئی سرکاری مشینری، ریسکیو گاڑیوں اور عملے کے ارکان کو بھی اپنی تحویل میں لے لیا۔
یہ بھی اطلاع ہے کہ خیبرپختونخوا کی 17 ریسکیو گاڑیاں، چھ ایمبولینسیں، سات فائر ٹینڈرز، تین واٹر ٹینڈرز اور ایک کرین کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ یہ ریسکیو گاڑیاں اور مشینری مردان، چارسدہ، پشاور، باجوڑ، دیر، سوات اور صوابی سے لائی گئی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق احتجاج کے دوران خیبرپختونخوا سے 64 ریسکیو اہلکار، 24 پولیس اہلکار اور ٹی ایم اے پشاور کے 8 اہلکاروں کو بھی اسلام آباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔
خیبرپختونخوا ریسکیو کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ایاز نے کہا کہ ان کے وکلاء کی ٹیم مشینری اور اہلکاروں کی بازیابی کے لیے اسلام آباد میں موجود ہے، انہیں واپس لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں ایمرجنسی کی صورت میں مشینری اور عملہ کی عدم دستیابی کی وجہ سے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا سے مشینری اور اہلکاروں نے اسلام آباد پر حملہ کیا، اس حوالے سے قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ مقدمات میں مشینری شامل ہے، اسے عدالت میں بطور ثبوت پیش کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: صوفی بزرگ، شاعر خواجہ غلام فریدؒ کا 127 واں عرس راجن پور میں شروع