اہم خبریں

حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے، وزیراعظم

شینزین(نیوز ڈیسک ) چین کی ایک کمپنی ٹرانسشن ہولڈنگز نے پاکستان میں موبائل فونز، الیکٹرک بائیکس اور جدید زراعت اور فن ٹیک کی تیاری میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔

اس دلچسپی کا اظہار ٹرانسشن ہولڈنگز کے بانی اور چیئرمین ژو ژاؤ جیانگ نے شینزن میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا۔وزیراعظم نے وفاقی وزراء اور چین میں پاکستان کے سفیر سے کہا کہ وہ ٹرانسشن ہولڈنگز کے ساتھ مل کر جلد حکمت عملی تیار کریں۔

شہباز شریف نے کہا کہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں اور تاجروں کو سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے ٹرانسشن ہولڈنگز کو پاکستان میں مقامی طور پر سامان تیار کرنے اور بیرون ملک برآمد کرنے کی دعوت دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس ہر قسم کے وسائل ہیں اور اس کی سب سے بڑی طاقت نوجوان افرادی قوت ہے۔چیئرمین ٹرانسشن ہولڈنگز نے وزیراعظم کو بتایا کہ کمپنی پہلے ہی پاکستان میں موبائل فونز کی تیاری کے لیے ایک یونٹ قائم کر چکی ہے جس سے 5000 سے زائد پاکستانیوں کو روزگار ملا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی کمپنی پاکستان میں موبائل فونز میں اپنی سرمایہ کاری کو بڑھانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے جس سے پاکستان سے اس کی برآمدات میں اضافہ ہوگا۔واضح رہے کہ ملاقات کے موقع پر وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، محمد اورنگزیب، عبدالعلیم خان، جام کمال، عطاء اللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے اطلاعات و ٹیکنالوجی شازہ فاطمہ خواجہ بھی موجود تھیں۔
مزید پڑھیں: پنجاب کا عید کے موقع پر قیدیوں کی رہائی اور سزاؤں میں کمی کا اعلان

متعلقہ خبریں