اسلام آباد (نیوز ڈیسک) کابلی پلاؤ داراصل افغانستان کا مقبول ترین پکوان ہے جس کو ابلے چاول اور بھیڑ یا گائے کے گوشت کے ساتھ پکایا جاتا ہے اس پر خشک میوہ جات اور میٹھی گاجروں کا استعمال اس مزید ذائقے دار بنا دیتا ہے ، جب کو ئی مخصوص پکوان سرحدوں کو پار کرتا ہے تو اس کے بنانے کے طریقے بھی بدل جاتے ہیں پاکستان میں اس کو مرغی کے گوشت میں بھی پکایا جاتا ہے ۔
کابلی پلاؤ بنانے کے اجزاء
کالا زیرہ ۔۔۔دو چائے کے چمچ
تیل ۔۔۔آدھا کپ
نمک ۔۔۔حسب ذائقہ
مرغی یابکری کا گوشت ۔۔۔ ڈھائی پاؤنڈ
پیاز۔۔۔ چھوٹے دو عدد
ادرک ۔۔۔ ایک چائے کا چمچ
لہسن۔۔۔ایک چائے کا چمچ
کاجو۔۔۔ آدھا کپ
گاجر۔۔۔ تین عدد کدوکش کی ہوئیں
شکر۔۔۔ آدھی چائے کا چمچ
گرم مصالحہ ۔۔۔ ایک چائے کا چمچ
چاول۔۔۔ دو مگ
کشمش- آدھا کپ
بادام۔۔۔ آدھا کپ
کابلی پلاؤ بنانے کا طریقہ
سب سے پہلے پتیلی میں تیل گرم کر کے اس میں گوشت ادرک، لہسن ڈال دیں اس کو چند منٹ فرائی کریں پھر اس میں کٹی ہوئی پیاز شامل کر کے اس کو اچھی طرح پکائیں جب گوشت کا رنگ تبدیل ہوجائے تو پھر اس میں نمک گرم مصالحہ اور کالا زیرہ شامل کریں اس کو چند منٹ بھوننے کے بعد سات سے آٹھ مگ پانی ڈال دیں ،جب اس کی مقدار آدھی ہو جائے تو اس کو پکنے دیں جب یخنی ایک چوتھائی کپ رہ جائے تو اس میں کشمش، بادام ،کاجو شامل کریں اس کے بعد جب گوشت اچھی طرح گل جائے تو اس میں چاول شامل کریں اور تیز آنچ پر اس وقت تک پکائیں جب چاول پھول جائیں تو اس کے اوپر یخنی کی ہلکی سی تہہ نظر آنا شروع ہو جائے گی ، اب اس کو 20 منٹ تک دم دیں ،چاول اچھی طرح پک جانے پر ایک پین میں دو کھانے کے چمچ تیل ڈالیں ،شکر، گاجر اور بقیہ میوہ جات اس میں شامل کریں 2 منٹ تک فرائی کریں تاکہ تھوڑا سا رنگ بدل جائے تو اس کو کابلی پلاوکے اوپر ڈال دیں آپ کا مزید ار کابلی پلاؤ تیار ہے ۔
