لاہور(اے بی این نیوز) پنجاب ای بائیکس اسکیم 2026 کے تحت طلبہ کو آسان اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا عمل کل سے شروع کیا جا رہا ہے۔ پنجاب حکومت نے نوجوانوں کے لیے اس سہولت کا مقصد سفری اخراجات کم کرنا اور تعلیمی اداروں تک رسائی آسان بنانا قرار دیا ہے۔
صوبائی حکومت کے مطابق ای بائیک اسکیم کے لیے درخواستیں 4 ستمبر 2026 سے وصول کی جائیں گی۔ اس منصوبے کے تحت اہل طلبہ کو بلاسود اقساط پر ای بائیکس فراہم کی جائیں گی، جس سے انہیں روزانہ آمدورفت کے لیے نسبتاً کم خرچ اور ماحول دوست ذریعہ سفر میسر آئے گا۔
اس اسکیم میں ای بائیکس کی ماہانہ قسط 3 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ڈاؤن پیمنٹ کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے، جبکہ طلبہ پر ماہانہ قسط سے زائد اضافی مالی بوجھ ڈالنے کی سفارشات مسترد کردی گئی ہیں۔ حکومت الیکٹرک بائیکس سے متعلق سود اور انشورنس کے اخراجات بھی خود برداشت کرے گی۔
پنجاب حکومت کے منصوبے کے مطابق ابتدائی مرحلے میں ایک لاکھ 25 ہزار سے زائد ای بائیکس طلبہ کو فراہم کی جائیں گی۔ اس کے بعد اسکیم کا دائرہ سرکاری ملازمین، عام شہریوں اور ڈیلیوری ورکرز تک بڑھانے کی منظوری بھی دی جا چکی ہے۔
جو طلبہ پنجاب ای بائیک حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں وہ سرکاری پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست دینے کے لیے پنجاب حکومت کی جانب سے فراہم کردہ ویب پورٹل استعمال کیا جائے گا۔
مزیدپڑھیں: ابوظبی میں پاکستانی شہری نے 1 کروڑ 50 لاکھ درہم کی لاٹری جیت لی















