کوئٹہ(اے بی این نیوز) ایران اور امریکا کے درمیان امن معاہدے کے بعد پاکستانی مارکیٹ میں ایرانی ریال کی طلب میں غیرمعمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جہاں صرف چار روز کے دوران 2 کھرب ایرانی ریال کی خرید و فروخت ریکارڈ کی گئی ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان کے مطابق معاہدے کے پہلے روز 40 ارب ایرانی ریال کی خریداری ہوئی تھی، تاہم مثبت پیش رفت کے تسلسل کے باعث چار دنوں میں مجموعی خریدوفروخت 2 کھرب ریال تک پہنچ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ سرمایہ کار اور بڑے ٹریڈرز مستقبل میں مزید منافع کی توقع پر ایرانی ریال خرید رہے ہیں، جس کے باعث اس کی طلب اور قیمت دونوں میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔
ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق چند روز قبل ایک ہی دن میں ایک کروڑ ایرانی ریال کی مالیت میں تقریباً 1500 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد ایک کروڑ ایرانی ریال کی قیمت 4000 روپے تک پہنچ گئی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر ایران اور امریکا کے درمیان تعلقات میں بہتری اور مثبت پیش رفت برقرار رہی تو ایرانی ریال کی قدر میں مزید استحکام اور اضافہ متوقع ہے۔
مزید پڑھیں: نالہ لئی میں ڈوبنے والے 7 سالہ بچے کی لاش 3 روز بعد برآمد














