اسلام آباد(اے بی این نیوز) ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے صارفین کی سہولت اور حکومتی سبسڈی کی شفاف فراہمی کیلئے اہم اقدام اٹھایا ہے، جس کے تحت اب بجلی کے ماہانہ بلوں پر واضح طور پر درج کیا جائے گا کہ صارف کو حکومت کی جانب سے کتنی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔
وزارت توانائی کے مطابق بجلی کے بل پر ایک کیو آر کوڈ بھی دیا جا رہا ہے، جسے اسکین کرکے صارفین کو ایک لنک پر رجسٹریشن کرنا ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس رجسٹریشن کا مقصد صرف یہ یقینی بنانا ہے کہ سبسڈی حقیقی مستحقین، غریب اور کم بجلی استعمال کرنے والے خاندانوں تک پہنچتی رہے۔
ترجمان پاور ڈویژن نے واضح کیا کہ اس اقدام کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ حکومت سبسڈی ختم کر رہی ہے، بلکہ حکومت غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف دینے کیلئے پرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس نظام کے ذریعے وسائل کے منصفانہ استعمال کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ٹیکس دہندگان کے پیسے ضائع ہونے سے بچ سکیں۔
حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اہل صارفین کیلئے سبسڈی کے تسلسل کو یقینی بنانے کیلئے بل پر موجود کیو آر کوڈ کے ذریعے جلد رجسٹریشن مکمل کریں۔ اگر کسی صارف کو بل میں کسی قسم کی غلطی یا دشواری کا سامنا ہو تو وہ اپنی متعلقہ بجلی کمپنی کی ہیلپ لائن سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کا کانسٹیبل سابقہ بیوی کے گھر اور گاڑیوں پر قابض، انکوائری میں قصور وار قرار















