اہم خبریں

پاک امریکہ تجارت میں کمی، برآمدات و درآمدات کے اعدادوشمار جاری

اسلام آباد (رضوان عباسی سے ) پاکستان اور امریکہ کے درمیان حالیہ تجارتی ڈیل کے بعد اگست 2025 کے اعدادوشمار سامنے آگئے ہیں، جن کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سالانہ بنیادوں پر دوطرفہ تجارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق اگست 2025 میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 61 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہا، جو اگست 2024 کے 69 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کے مقابلے میں کم ہے۔
گزشتہ ماہ امریکہ کے لیے پاکستانی برآمدات 50 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہیں، جو اگست 2024 کے 57 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کے مقابلے میں 13 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہیں۔ اسی طرح اگست 2025 میں پاکستان کی امریکہ سے درآمدات 11 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز رہیں، جو اگست 2024 کے 11 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز سے 3 فیصد کم ہیں۔
تاہم مجموعی مالی سال کے ابتدائی دو ماہ (جولائی اور اگست) میں پاکستان کی امریکہ کو برآمدات میں 9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جو ایک ارب 6 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہیں، جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ حجم 97 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز تھا۔ اس مدت میں پاکستان کی امریکہ سے درآمدات 28 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کی گئیں، جو گزشتہ سال کے 20 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کے مقابلے میں 37 فیصد زیادہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ امریکہ نے پاکستان پر 19 فیصد شرح سے ٹیرف عائد کیا۔ اس سے قبل اپریل 2025 میں 29 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا تھا، تاہم حالیہ کامیاب تجارتی ڈیل کے بعد ٹیرف کم کرکے 19 فیصد کردیا گیا۔ جنوبی ایشیاء میں سب سے کم ٹیرف پاکستان پر نافذ کیا گیا ہے
مزید پڑھیں۔سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 700 روپے کا اضافہ

متعلقہ خبریں