اسلام آباد (رضوان عباسی سے ) وفاقی حکومت نے بیرون ملک سے آن لائن خریدی جانے والی اشیاء اور خدمات پر عائد 5 فیصد ڈیجیٹل ٹیکس ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت یہ رعایت ڈیجیٹل پریزنس پروسیڈز ایکٹ 2025 کے تحت دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اب بیرون ملک سے پاکستان بھجوائی جانے والی اشیاء اور ڈیجیٹل سروسز پر ڈیجیٹل ٹیکس لاگو نہیں ہوگا۔ 5 فیصد ٹیکس استثنیٰ کا اطلاق اُن اشیاء اور خدمات پر ہوگا جو ڈیجیٹل طریقے سے آرڈر کی جاتی ہیں۔ اس فیصلے کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے ہو چکا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف عام صارفین کو آن لائن خریداری میں ریلیف حاصل ہوگا بلکہ ملکی ای کامرس سیکٹر اور ڈیجیٹل معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بیرون ملک خدمات حاصل کرنے والے فری لانسرز اور چھوٹے آن لائن کاروباروں کو بھی اس فیصلے سے براہِ راست فائدہ پہنچے گا۔حکومت نے اس اقدام کو ملکی ڈیجیٹل اکانومی کو وسعت دینے کی طرف ایک مثبت اور بروقت پیش رفت قرار دیا ہے۔
مزید پڑھیں: فیصل آباد،9 مئی کے مقدمات کا فیصلہ سنادیا گیا،108 ملزمان کو سزائیں سنادی گئیں