اسلام آباد(اے بی این نیوز)پاک بھارت جنگ میں مسلح افواج کو برتری حاصل ہونے کے بعد پیر کو پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی دیکھی گئی، کے ایس ای 100 انڈیکس 9 ہزار 650 پوائنٹس یا 8.12 فیصد بڑھ گیا، جس کے بعد ٹریڈنگ ایک گھنٹے کے لیے معطل کردی گئی۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ویب سائٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے آغاز پر پیر کی صبح زبردست تیزی کا رجحان دیکھا جارہا ہے، سرمایہ کاروں نے کھل کر سرمایہ کاری کی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس 9 ہزار 650 پوائنٹس بڑھ کر ایک لاکھ 16 ہزار 650 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔پیر کو کاروبار کے آغاز پر صبح 9 بج کر 30 منٹ پر کے ایس ای 100 انڈیکس 9 ہزار 929 پوائنٹس یا 9.26 فیصد بڑھ کر ایک لاکھ 17 ہزار 104 پوائنٹس پر بھی پنچ گیا تھا، جب کہ جمعہ کے روز انڈیکس ایک لاکھ 7 ہزار 174 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
سرمایہ کاروں نے 5 ارب 87 کروڑ 57 لاکھ 47 ہزار 103 روپے مالیت کے 12 کروڑ 49 لاکھ 28 ہزار 589 حصص کے 25 ہزار 795 سودے کیے، مجموعی طور پر 331 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے 320 کمپنیوں کے شیئرز کی مالیت میں اضافہ ہوا، صرف 5 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی ہوئی، 6 کمپنیوں کے حصص کی قیمتیں برقرار رہیں۔
10 مئی کو پاک فوج کی جانب سے بھارت کیخلاف آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل کے بعد سرمایہ کاروں کا مورال بڑھ چکا ہے، جنہوں نے آٹو موبائل اسمبلر، آٹوموبائل اسپیئر پارٹس، کیبل اینڈ الیکٹریکل گڈز، سیمنٹ ، کیمیکل ، کمرشل بینکوں، انجینئرنگ، فرٹیلائزر، فوڈ ایند پرسنل کیئر گڈز، گلاس اینڈ سرامکس، انشورنس، ٹیکنالوجی اینڈ کمیونیکیشن اور ٹرانسپورٹ کے شعبہ جات سمیت دیگر سیکٹرز میں بھرپور سرمایہ کاری کی ہے۔
کے ایس ای 100 انڈیکس کے علاوہ آل شیئر 5 ہزار 404 پوائنٹس، کے ایس ای 30 انڈیکس 3 ہزار 20 پوائنٹس، کے ایم آئی انڈیکس 14 ہزار 852 پوائنٹس اور بی کے ٹی آئی انڈیکس 2 ہزار 346 پوائنٹس بڑھے ہیں۔
معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کے بعد کشیدگی کے خاتمے کی امیدوں، خطے پر منڈلاتے جنگ کے بادل چھٹنے کے بعد سرمایہ کار متحرک ہوئے ہیں، خطے میں امن رہا تو پاکستان اسٹاک مارکیٹ چند روز میں ہی اپنی آخری بلند ترین سطح تک پہنچ جائے گی۔
مزید پڑھیں: کوئی بھارتی پائلٹ ہماری تحویل میں نہیں،ڈی جی آئی ایس پی آر