لاہور(نیوزڈیسک)پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کو دھچکا ، کرکٹر خرم شہزاد پسلی کے فریکچر کے باعث آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز نہیں کھیل سکیں گے ، میڈیا رپورٹس کے مطابق پرتھ میں پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد خرم شہزاد کو بائیں پسلی میں تکلیف کی شکایت تھی جس کے بعد انہیں ایم آر آئی کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیاجہاں میڈیکل رپورٹس کے مطابق خرم شہزاد کی پسلی میں فریکچر ظاہر ہوا جس پر ڈاکٹروں نے کرکٹر خرم شہزاد کو آرام کا مشورہ دیا۔ بورڈ ذرائع کے مطابق کرکٹ بورڈ کے سپیشلسٹ سے مشاورت کے بعد آئندہ کا پلان مرتب کیا جائے گا تاہم خرم شہزاد انجری کے باعث بقیہ میچز نہیں کھیل سکیں گے ، خرم شہزاد کی جگہ حسن علی اور محمدوسیم میں کسی ایک کو ٹیم میں شامل کیا جائےگا۔ پاکستان ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو پہلے ہی فٹنس مسائل کا سامنا جن میں فاسٹ باولر نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں، جبکہ لیگ اسپنر ابرار احمد بھی دائیں ٹانگ میں تکلیف کے باعث پہلا ٹیسٹ نہیں کھیل سکے تھے۔ہیڈ کوچ محمد حفیظ کے مطابق ابرار احمد کی جگہ لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی کو شامل کیا گیا تھا جو انگلی میں چوٹ کا شکار ہیں، ساجد خان کو بیک اپ کے طور پر لایا گیا اب امکان ہے کہ وہ دوسرے ٹیسٹ میں نعمان علی کی جگہ لیں گے۔
