اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آباد ہائیکورٹ کے بلدیاتی الیکشن کرانے کے حکم کے باوجود اسلام آباد میں پولنگ سٹیشنز پر مکمل سناٹا ہے ،پولنگ شروع نہ ہو سکی ۔ہفتے کو تفصیلا ت کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی الیکشن کرانے کے حکم کے باوجود شہر اقتدار میں پولنگ سٹیشنز پر مکمل سناٹا ہے جبکہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ شروع نہ ہو سکی۔الیکشن کمیشن کا عملہ بھی متعلقہ پولنگ اسٹیشنز تک نہ پہنچ سکا جبکہ اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ 8 بجے شروع ہونی تھی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق 31 دسمبر کو ہی کرانے کا حکم دیا تھا۔عدالت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی درخواستوں پر مختصر تحریری فیصلہ جاری کیا، فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کا 27 دسمبر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جاتا ہے، اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات شیڈول کے مطابق کرائے جائیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلے میں کہا کہ وفاقی حکومت انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کو مکمل معاونت فراہم کرے، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کی درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ جسٹس ارباب محمد طاہرنے پڑھ کر سنایا۔