اسلام آباد( اے بی این نیوز )وفاقی وزیر صنعت و پیداوار سید مرتضی محمود نے کہا ہے کہ حکومت ایس ایم ایز سیکٹر کو مراعات دے رہی ہے،زراعت کی پیداوار بڑھانے کیلئے کام کررہے ہیں ،ہمارا آبپاشی کا نظام دنیا کا بہترین نظام ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نیشنل پروڈکٹیویٹی آرگنائزیشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا فوکس زراعت کے شعبے سے استفادہ کرنا ہے۔این پی او کاو ژن 2025 پاکستان کو مالی طور پر مستحکم بنانے کے ایجنڈے کے قریب ہے۔انہوں نے کہا کہ زراعت کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے،فوڈ سکیورٹی ، دیہی ترقی اور ملازمتوں کی فراہمی زرعی شعبے کی ترقی کےبغیر ممکن نہیں ہے ،جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ2.7فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ لیبر فورس میں زراعت کا حصہ 37 فیصد ہے، زرعی شعبے میں جدت لانے اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی فضلے کو زیادہ تر ضائع کردیتا ہے،بائیو ماس ٹیکنالوجی کے ذریعے اس فضلے کو قابل استعمال لایا جاسکتا ہے،سمیڈا کے ساتھ مل کر بائیو ماس کے حوالے سے کام کررہے ہیں
