اہم خبریں

مریم نواز سرکاری خرچے پر جلسے جلوس اور تنظیمی اجلاسوں میں کھل کر اعلیٰ عدلیہ کے خلاف زہر اگل رہی ہیں، چودھری پرویزالٰہی

لاہور(اے بی این نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویزالٰہی سے سابق ایم پی اے نوابزادہ منصور علی خان، احسان الحق نولاٹیہ ، عون حمید ڈوگر، سابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس اور دیگر رہنمائوں نے ملاقات کی۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مریم نواز سرکاری خرچے پر جلسے جلوس اور تنظیمی اجلاسوں میں کھل کر اعلیٰ عدلیہ کے خلاف زہر اگل رہی ہیں، مریم نواز کوآئین کی خلاف ورزی پر کوئی روکنے والا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد سیاسی سرگرمیاں روکنا خلاف آئین ہے، لاہور میں دوبارہ دفعہ 144 کا نفاذ غیر آئینی ہے جس کی سزا آرٹیکل 6 ہے، کاغذات نامزدگی آج سے جمع کروانے کا سلسلہ شروع ہے، تمام امیدوار ریلیوں کی صورت میں کاغذات جمع کروانے جائیں گے ایسی صورتحال میںدفعہ 144 کا نفاذ کیسے ہو سکتا ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان کی مقبولیت کا خوف ان نااہل حکمرانوں کو رات کو سونے نہیں دیتا، وفاقی حکومت کی ایماء پر پنجاب کی بغل بچہ نگران حکومت الیکشن کا ماحول نہیں بننے دے رہی، تمام سیاسی پارٹیوں کو آئین پاکستان سیاسی مہم چلانے کا حق دیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نگران حکومت پی ایس ایل میچ کی آڑ میں پاکستان تحریک انصاف کی انتخابی مہم روکنا چاہتی ہے، پی ایس ایل کا میچ قذافی سٹیڈیم میں ہے اور ریلی داتا صاحب کی طرف جانی ہے، عقل کے اندھوں کو پتہ ہی نہیں کہ پی ایس ایل کا روٹ اور ہے جبکہ ریلی کا اور، ان کی عقل پر مٹی پڑی ہوئی ہے، نگران حکومت انتخابی مہم کی راہ میں رکاوٹ بن کر کسے خوش کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں