اسلام آباد(نیوزڈیسک) وفاقی دارالحکومت کی ضلعی عدالت نے سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر باجوہ کے مبینہ آڈیو ٹیکس ڈیٹا لیک کیس میں ایف آئی اے کو گرفتار ملزمان کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی منظوری دے دی۔سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ کے مبینہ ٹیکس ڈیٹا لیک کا کیس کی سماعت ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں ہوئی جس میں گرفتار ملزم شہزاد نیاز، ارشد علی اور عدیل اشرف کو جوڈیشل مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا جب کہ ملزمان کے وکلاء اور تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے دوران تفتیشی افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ شریکِ ملزمان نے ایف بی آر کا ریکارڈ صحافی کو فروخت کیا اور عدالت سے تینوں ملزمان کے پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔تفتیشی افسر کی استدعا پر عدالت نے تینوں ملزمان کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرکے ملزمان کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے حوالے کردیا۔