بیجنگ (نیوزڈیسک)چینی صدر شی جن پنگ کے قابل اعتماد ساتھیوں میں شامل لی کیانگ نےچین کے وزیراعظم کا منصب سنبھال لیا جس سے ملک کی اعلیٰ قیادت پر شی جن پنگ کا اثر و رسوخ مزید مضبوط ہوگیا۔خبررساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق لی کیانگ شنگھائی پارٹی کے سابق سربراہ ہیں جنہیں ملک کی پارلیمنٹ کے اجلاس میں سبکدوش ہونے والے وزیر اعظم لی کی چیانگ کا جانشین نامزد کیا گیا۔63 سالہ لی کیانگ نے نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) میں 2 ہزار 900 سے زیادہ مندوبین سے تقریباً تمام ووٹس حاصل کرلیے، جس سے ایک روز قبل ہی شی جن پنگ ڈپٹیز کے ذریعے متفقہ طور پر صدر کے طور پر تیسری مدت کے لیے منتخب ہوئے تھے۔صدر شی جن پنگ کی جانب سے لی کیانگ کو بطور وزیراعظم نامزد کرنے کی قرار داد ہفتے کی صبح چیمبر میں پڑھ کر سنائی گئی۔ایک طے شدہ عمل کے تحت ڈپٹیز (اراکین پارلیمنٹ) نے اپنے ووٹ کاسٹ کیے اس دوران صحافیوں کو ہال سے نکال دیا گیا۔ہال میں نصب ایک الیکٹرانک اسکرین پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق لی کانگ کے حق میں 2 ہزار 936 ووٹس ڈالے گئے جبکہ صرف تین مندوبین نے ان کے تقرر کے خلاف ووٹ دیا اور 8 غیر حاضر رہے۔ووٹنگ کے بعد میں لی کیانگ نے بطور چینی وزیراعظم اپنے عہدے کا حلف اٹھایا اور چین کے آئین سے وفادار رہنے اور ’ایک خوشحال، مضبوط، جمہوری، مہذب، ہم آہنگ اور عظیم جدید سوشلسٹ ملک کی تعمیر کیلئے سخت محنت کرنے‘ کا عہد کیا۔شنگھائی لاک ڈاؤن کو سنبھالنے کے بعد اس کی ترقی پر شک کے بادل چھا گئے تھے، سخت ترین لاک ڈاؤں کے دوران رہائشی خوراک اور طبی دیکھ بھال تک رسائی کے لیے جدوجہد کر رہے تھے۔لیکن شی جن پنگ کی چینی سیاست پر مضبوط گرفت نے ان کی زیرو کووڈ پالیسی پر گزشتہ موسم سرما میں بڑے پیمانے پر مظاہروں کے ساتھ ساتھ لی کے ریکارڈ کو بھی ایک طرف کر دیا ہے۔تقریباً تمام سابق وزیراعظموں کے برعکس، لی کیانگ کو مرکزی حکومت کی سطح پر کام کرنے کا تجربہ نہیں ہے۔انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز اپنے آبائی شہر کے قریب آبپاشی پمپ اسٹیشن کے ورکر کے طور پر کیا، مقامی حکومتی عہدوں کے ذریعے مستقل طور پر ترقی کی اور 2012 میں صوبہ زیجیانگ کے اعلیٰ ترین عہدے پر ترقی حاصل کی۔
