واشنگٹن(نیوز ڈیسک)ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نیڈپرائس نے کہا کہ پاکستان اور بھارت اتفاق کریں تو امریکا ثالثی کے لئے تیار ہے، امریکا پاکستان کو پُرامن، مستحکم اور خوشحال دیکھنا چاہتا ہے۔تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران نیڈ پرائس نے کہا کہ پاک بھارت تنازعات کے حل کے لئے سفارتکاری کی حمایت کرتے ہیں، ہم اس عمل کی ہر طرح کی مدد کے لئے تیار ہیں، دونوں ملک اتفاق کریں تو امریکا ثالثی کے لئے بھی تیار ہے، یہ فیصلہ پاکستان اور بھارت نے کرنا ہے،یہ وہ فیصلے ہیں جو بھارت اور پاکستان کو خود کرنے ہیں،پاکستان کو معاشی مسائل اور پاکستانی عوام کو ریکارڈ مہنگائی کا سامنا ہے، امریکا چاہتا ہے، پاکستان کو مستحکم اور دیرپا معاشی راستے پر گامزن کیا جائے۔ قبل ازیں انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے میں پاکستان کی مدد کر رہے ہیں، تاہم معاملات پاکستانی حکام نے ہی طے کرنے ہیں۔
