اہم خبریں

قیام پاکستان سے ہی جمہوریت کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں،اسد عمر

اسلام آباد( نیوز ڈیسک ) رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد عمرنے کہا ہے کہ جنرل (ر) باجوہ نے ہم پر کوئی احسان نہیں کیا، حقیقی جمہوریت کے بغیر قیام پاکستان کا مقصد ادھورا رہ جاتا ہے، قیام پاکستان سے ہی جمہوریت کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی گئیں، بلوچستان ہائیکورٹ بار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی اپنی جماعت اور پالیسی ہے،ہم صرف ان کے اتحادی ہیں،انہوں نے کہا کہ آزاد عدلیہ کی تحریک کو وکلاء نے منظم انداز میں چلایا لیکن عدلیہ کی آزادی کے وہ نتائج برآمد نہ ہوسکے جس کی توقع تھی، وکلاء تحریک کے بعد کچھ بہتری آئی، پاکستان میں آج بھی قانون سب کے لئے برابر نہیں، طاقتور پر قانون کا اطلاق نہیں ہو رہا۔اسد عمر نے کہا کہ بلوچستان میں قانون کی حکمرانی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے کو تاریخی منصوبے دیئے، ملک میں سچ کا سامنا کرنے کا خوف ختم کرنے کی ضرورت ہے، طاقت سے سچائی کو چھپانے کا دور ختم ہوچکا جب کہ آئین کی بالادستی قائم نہ کرنے والوں کو تاریخ معاف نہیں کرتی۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ رانا ثناء اللہ سمیت مسلم لیگ کے رہنماؤں پر مقدمات پی ٹی آئی کے دور حکومت سے پہلے کے ہیں، قومی احتساب بیورو (نیب) کے مقدمات بھی ان پر پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں بنائے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں