اہم خبریں

صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنی آئینی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ دی ہے، وزیر دفاع

اسلام آباد( اے بی این نیوز  )وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ صدر ڈاکٹر عارف علوی نے اپنی آئینی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ دی ہے، ایک شعبدہ باز لیڈر ایک طرف جیل بھرو تحریک شروع کر رہا ہے اور دوسری طرف ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے عدالت سے رجوع کر رہا ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ جب سابق وزیراعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک اس ایوان میں پاس ہوئی تو صدر کی جانب سے غیر آئینی اقدام کرتے ہوئے قومی اسمبلی کو تحلیل کر دیا گیا تھا اور سپریم کورٹ نے اسے بحال کیا تھا، آج اپنی آئینی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے ڈاکٹر عارف علوی نے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ دیدی جس سے ان کا تعلق نہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ یہ آئین کو پامال کرنے کی واضح مثال ہے اور جس آئینی عہدہ پر صدر بیٹھے ہوئے ہیں اس کی آئین میں حدود کا تعین کر دیا گیا ہے، وہ ان سے تجاوز کر کے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ دے رہے ہیں، اگر قومی اسمبلی تحلیل ہو تو ہو سکتا ہے کہ پھر صدر اس کی تاریخ دے لیکن صوبائی اسمبلیوں میں ان کا کوئی کردار نہیں، وہ صدر مملکت سے زیادہ پی ٹی آئی کے ایک ورکر کی حیثیت سے کام کر رہے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ یہ اقدام اسمبلی کے ریکارڈ پر لانا مقصود تھا، صدر کا یہ اقدام بلا جواز اور غیر آئینی ہے اور بوقت ضرورت ا?ئین کے مطابق کارروائی کرنے کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھتوں کو کئے گئے پلستر دو ماہ میں اتر جاتے ہیں لیکن ایک شخص کا پلستر نہیں اترا، یہ ساری قوم کو بے وقوف بنا رہا ہے، اس کے چاہنے والے بھلے سو بار بے وقوف بنیں، آج سنا ہے کہ وہ عدالت میں پہنچ گیا ہے اور وہاں پر شعبدے بازی جاری ہے، ایک طرف ضمانت قبل از گرفتاری کیلئے عدالت جا رہا ہے اور دوسری طرف جیل بھرو تحریک چلا رہا ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اس ہاؤس کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ بدھ تک انتظار کریں دیکھیں ان کے ساتھ ہوتا کیا ہے، اس ایوان میں بیٹھی جماعتوں نے جیلیں کاٹی ہیں، جمہوریت اور آئین کے لئے قربانیاں دی ہیں، انہوں نے کبھی ملک، آئین یا وطن کو کبھی گالی نہیں دی، عمران خان ہر چیز کو اپنے اقتدار کے ساتھ مشروط کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں