اہم خبریں

صائم ایوب نے پی سی بی سے اہم اجازت مانگ لی، بڑی خبر سامنے آگئی

صائم ایوب نے پی سی بی سے اہم اجازت مانگ لی، بڑی خبر سامنے آگئی

لاہور ( اے بی این نیوز) قومی کرکٹ ٹیم کے نوجوان اوپننگ بیٹر صائم ایوب نے مسلسل ناکامیوں اور اعتماد میں کمی کے باعث کرکٹ سے عارضی وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ صائم ایوب نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے کچھ عرصے تک کھیل سے دور رہنے کی اجازت طلب کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صائم ایوب نے پی سی بی حکام کو آگاہ کیا ہے کہ وہ فی الحال کرکٹ کھیلنے کی ذہنی کیفیت میں نہیں ہیں۔ نوجوان بیٹر اپنے مسائل پر قابو پانے اور اعتماد بحال کرنے کے بعد ون ڈے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ٹورنامنٹ کے ذریعے دوبارہ میدان میں اترنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

صائم ایوب اس وقت اپنے کیریئر کے مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ مسلسل ناقص کارکردگی کے باعث انہیں قومی اسکواڈ سے ڈراپ کیا جاچکا ہے، جبکہ وہ سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں بھی شامل نہیں ہیں۔ انہوں نے حالیہ دنوں میں ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی حصہ نہیں لیا۔

صائم ایوب نے کیریبین ٹی ٹوئنٹی لیگ میں سنچری اسکور کرنے کے بعد انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں قومی ٹیم میں جگہ بنائی تھی، تاہم وہ دونوں اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوگئے، جس سے ان کے اعتماد کو دھچکا لگا۔

بعد ازاں مسلسل ناکامیوں کے باعث انہیں سہ ملکی ون ڈے سیریز کے اسکواڈ سے بھی باہر کردیا گیا۔ اس موقع پر توقع تھی کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیل کر اپنی فارم بحال کریں گے، تاہم انہوں نے ڈومیسٹک مقابلوں میں شرکت نہیں کی۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال سری لنکا کے خلاف سیریز کے بعد سے صائم ایوب اپنے آخری پانچ ون ڈے میچز میں صرف 60 رنز بنا سکے ہیں۔ رواں سال ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے بعد سے وہ کوئی نصف سنچری بھی اسکور نہیں کرسکے۔

تمام فارمیٹس کے آخری 15 بین الاقوامی میچز کی 16 اننگز میں صائم ایوب نے 11.75 کی اوسط سے 188 رنز بنائے، جبکہ ان کا بہترین انفرادی اسکور 33 رنز رہا۔

مسلسل مواقع ملنے کے باوجود فارم بحال نہ ہونے کے بعد صائم ایوب نے ذہنی طور پر خود کو بہتر بنانے اور اعتماد بحال کرنے کے لیے کرکٹ سے عارضی وقفہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
مزید پڑھیں :زلزلے کے جھٹکے، شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر

متعلقہ خبریں