ملک میں گندم کی درآمد کے باوجود آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے، جس سے عوام کے لیے روزمرہ اخراجات پورے کرنا مزید مشکل ہوگیا ہے۔ مختلف شہروں میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 3600 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ ایک ہفتے کے دوران قیمت میں 334 روپے تک اضافہ سامنے آیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی دستاویزات کے مطابق کراچی میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 100 روپے بڑھنے کے بعد 3600 روپے ہوگئی ہے۔ اسی طرح اسلام آباد، حیدرآباد اور بنوں سمیت کئی شہروں میں بھی 20 کلو آٹے کا تھیلا 3600 روپے تک فروخت ہورہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق پشاور میں 20 کلو آٹے کی قیمت 250 روپے اضافے کے بعد 3550 روپے ہوگئی، جبکہ راولپنڈی میں 66 روپے 66 پیسے اضافے کے بعد تھیلے کی قیمت 3533 روپے ریکارڈ کی گئی۔
لاہور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 333 روپے بڑھ کر 3467 روپے تک پہنچ گئی، جبکہ گوجرانوالہ میں بھی 333 روپے اضافے کے بعد آٹے کا تھیلا 3400 روپے میں فروخت ہورہا ہے۔
دوسری جانب سکھر میں 20 کلو آٹے کی قیمت 280 روپے اضافے کے بعد 3360 روپے ہوگئی، جبکہ کوئٹہ میں 110 روپے بڑھنے کے بعد آٹے کے تھیلے کی قیمت 3330 روپے تک پہنچ گئی ہے۔















