گھوٹکی (اے بی این نیوز)گھوٹکی: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مستحق خواتین کو ملنے والی رقم سے غیر قانونی کٹوتی کرنے والے پانچ ایجنٹس کو گرفتار کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق گھوٹکی کے شہر اوباڑو میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی مستحق خواتین کی امدادی رقم سے غیر قانونی طور پر کٹوتی کرنے والے پانچ ڈیوائس ہولڈر ایجنٹس کو گرفتار کر لیا ہے۔
ڈی ایس پی اوباڑو ارشد سعید نے کارروائی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گرفتار کیے گئے ایجنٹس غریب اور مستحق خواتین کو ملنے والی امدادی رقم میں سے فی کس ایک ہزار سے پندرہ سو روپے تک کی غیر قانونی کٹوتی کر رہے تھے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے ایک نجی بینک کی 8 ڈیوائسز، 9 موبائل فون اور نقدی برآمد کر لی گئی ہے۔
ڈی ایس پی اوباڑو کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار پانچوں نامزد ملزمان کے خلاف تھانہ اوباڑو میں باقاعدہ مقدمہ درج کر کے مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
مزیدپڑھیں: پاکستان میں سونے اور تانبے کے نئے ذخائر دریافت















