پنجاب کے طلبہ کے لیے امتحانی نظام میں بڑی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت آئندہ سال سے صوبے بھر کے تعلیمی بورڈز میں تمام مضامین کے امتحانات ای شیٹ پر لیے جائیں گے۔ اس اقدام کا مقصد امتحانی عمل کو جدید، شفاف اور تیز رفتار بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب کے تعلیمی بورڈز میں امتحانات کی ڈیجیٹلائزیشن کا عملی آغاز کردیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ای شیٹ کے ذریعے امتحان کا باضابطہ افتتاح بھی کیا گیا، جس میں صوبے بھر کے 50 ہزار طلبہ نے انٹرمیڈیٹ بائیولوجی کا امتحان دیا۔
تعلیمی حکام مزمل محمود کے مطابق ای شیٹ کے استعمال سے امتحانی مراکز میں جعلی امیدواروں کی شرکت اور کسی دوسرے شخص کے ذریعے پرچہ دینے جیسے واقعات کی روک تھام میں مدد ملے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے نظام کے تحت آن اسکرین مارکنگ بھی متعارف کرائی جائے گی، جس سے جوابی کاپیوں کی جانچ کا عمل تیز ہوگا اور نتائج کم وقت میں تیار کیے جا سکیں گے۔
حکام کے مطابق ڈیجیٹل امتحانی نظام سے روایتی ری سائیکل پیپر کا استعمال بھی ختم ہوجائے گا، جس سے کاغذ، وقت اور مالی وسائل کی بچت ممکن ہوگی۔
تعلیمی بورڈ انتظامیہ نے بتایا ہے کہ آئندہ سال سے پنجاب بھر میں انٹرمیڈیٹ سمیت تمام مضامین کے امتحانات مکمل طور پر ای شیٹ کے ذریعے منعقد کیے جائیں گے۔ اس تبدیلی سے طلبہ کو امتحانات کے نئے طریقہ کار کے مطابق تیاری کرنا ہوگی۔















