اہم خبریں

ایل پی جی مافیا کا دور ختم، وزیراعظم شہباز شریف نے نئی پالیسی کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں ایل پی جی کے کاروبار پر دہائیوں سے قابض گروہوں کا کنٹرول ختم ہو چکا ہے، اب ایل پی جی کی درآمد اور فراہمی کا نظام شفاف اور مسابقتی بنیادوں پر چلایا جائے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مافیا کا دور ختم ہو چکا ہے، اب ایل پی جی کی درآمد سرکاری کمپنیوں پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور پارکو سمیت دیگر سرکاری اداروں کے ذریعے کی جائے گی۔

وزیراعظم کے مطابق مقامی سطح پر تیار ہونے والی ایل پی جی کی پہلی نیلامی آئندہ ہفتے کیمروں کی نگرانی میں منعقد ہوگی، جبکہ ایل پی جی درآمد کرنے والی کمپنیوں کو اپنی درآمدی لاگت (لینڈڈ کاسٹ) ویب سائٹس پر ظاہر کرنا ہوگی۔

نئی پالیسی کے تحت پی ایس او، پاکستان ایل این جی، ایس ایس جی سی-ایل پی جی اور پارکو-ایل پی جی حکومت سے حکومت اور کاروبار سے کاروبار کے معاہدوں کے ذریعے ایل پی جی درآمد کریں گی۔ اس مقصد کے لیے سعودی عرب اور عمان سے سپلائی کی پیشکشیں بھی موصول ہوئی ہیں۔

حکومت نے ایل پی جی کی تقسیم میں صوابدیدی کوٹہ سسٹم ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ مقامی پیداواری کمپنیاں 5 سے 10 ٹن کے لاٹس میں ایل پی جی کھلی نیلامی کے ذریعے فروخت کریں گی۔ نیلامی کے عمل کی نگرانی اوگرا اور پیٹرولیم ڈویژن کریں گے۔

نئی پالیسی کے مطابق ایل پی جی کی بنیادی قیمت سعودی آرامکو کی ماہانہ کنٹریکٹ قیمت سے منسلک ہوگی، جبکہ اوگرا اب ایل پی جی کی قیمتوں کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری نہیں کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیلامی سے حاصل ہونے والا منافع قومی خزانے میں جمع ہوگا اور اس رقم کو مستحق عوام کے لیے ایل پی جی پر سبسڈی فراہم کرنے کے لیے استعمال کیا جائے گا، جس کے تحت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اہل خاندانوں کو فائدہ پہنچانے کی تجویز ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کھلی مارکیٹ میں ایل پی جی سلنڈر کی قیمت 7 ہزار 200 روپے تک پہنچنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں، جبکہ اوگرا کی مقررہ قیمت 3 ہزار 296 روپے بتائی گئی تھی۔ نئی پالیسی کے تحت حکومت کو توقع ہے کہ درآمدات اور کھلی نیلامی کے ذریعے سپلائی میں اضافہ ہوگا اور سرکاری و مارکیٹ قیمتوں کے درمیان فرق کم کرنے میں مدد ملے گی۔
مزیدپڑھیں: مصنوعی ذہانت عالمی شطرنج چیمپئنز کو ہرا گئی، پٹھان بھائی کے سامنے بے بس!

متعلقہ خبریں