اسلام آباد (اے بی این نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے طلباء میں الیکٹرک بائیکس تقسیم کرنے کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 نومبر سے طلباء کو ای بائیکس فراہم کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔ اسکیم کے تحت طالبات کو گلابی جبکہ طلباء کو سیاہ رنگ کی الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔
حکومت پنجاب کے اس منصوبے کا مقصد طلباء کو تعلیمی اداروں تک آمدورفت میں سہولت فراہم کرنا اور سفری اخراجات میں کمی لانا ہے۔ فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس تقسیم کرنے کا منصوبہ ہے، جبکہ اسکیم کے لیے بڑی تعداد میں رجسٹریشنز اور درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔
مریم نواز نے منڈی بہاؤالدین میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کو میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان کے مطابق تعلیمی سہولیات کی فراہمی میں میرٹ کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر یونیورسٹی آف رسول اور ایک میڈیکل کالج کا افتتاح بھی کیا۔ ان اقدامات کا مقصد منڈی بہاؤالدین اور گردونواح کے طلباء کو اپنے علاقے میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں تعلیم کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے۔
حکام کے مطابق مجوزہ میڈیکل کالج کے لیے 100 نشستوں کی منظوری دی گئی ہے۔ ضروری انتظامات مکمل ہونے کی صورت میں یہاں فروری 2027 سے کلاسز شروع ہونے کی توقع ہے۔
مزیدپڑھیں: ایرانی ریال کی قدر میں اتار چڑھاؤ، ڈالر 27 لاکھ ریال سے تجاوز کرگیا















