اہم خبریں

لاہور زیادتی کیس میں نیا موڑ، آذربائیجان کی خاتون کو 2 کروڑ روپے دینے کا الزام، وکیل کی تردید

لاہور (اے بی این نیوز) لاہور میں آذربائیجان سے تعلق رکھنے والی خاتون ڈیانا کے ساتھ مبینہ زیادتی کے کیس میں نیا موڑ سامنے آیا ہے۔ پولیس ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون نے مبینہ طور پر 2 کروڑ روپے لینے کے بعد ملزمان کی بےگناہی کا بیان دیا، تاہم ملزم کے وکیل نے رقم دینے کے الزام کو مسترد کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق ڈیانا نے آذربائیجان سے جاری اپنے حالیہ ویڈیو بیان میں احمد تنویر کو بےگناہ قرار دیا، جبکہ دیگر دو ملزمان محسن اور عزیز کو معاف کرنے کا اعلان کیا۔ خاتون نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ لاہور کی عدالت میں دفعہ 164 کے تحت دیا گیا سابقہ بیان دباؤ میں دیا گیا تھا۔

پولیس ذرائع کا دعویٰ ہے کہ خاتون کو بیان تبدیل کرنے پر آمادہ کرنے کے لیے ملزمان کے وکیل اور رشتہ داروں نے کردار ادا کیا، جبکہ احمد تنویر کے والد نے مبینہ طور پر لندن سے آذربائیجان کا سفر بھی کیا۔ ذرائع کے مطابق ڈیانا رقم لینے کے بعد اس وقت دبئی میں موجود ہے۔


دوسری جانب ملزم کے وکیل نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نہ تو آذربائیجان گئے اور نہ ہی ان کی خاتون سے کوئی بات ہوئی۔ وکیل نے ڈیانا کو رقم دینے کے الزام کو بھی بے بنیاد قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل ڈیانا نے مجسٹریٹ کے سامنے بیان میں تین ملزمان پر مبینہ زیادتی کا الزام عائد کیا تھا، تاہم بعد میں جاری ہونے والے ویڈیو بیان میں انہوں نے اپنے مؤقف میں تبدیلی کی۔ رقم کی ادائیگی سے متعلق دعوے کی آزادانہ تصدیق سامنے آنا ابھی ضروری ہے۔
مزیدپڑھیں: ٹرائی سیریز کا چوتھا میچ آج پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا

متعلقہ خبریں