اسلام آباد ( اے بی این نیوز) پاک جاپان آٹو ٹریڈ ایسوسی ایشن کے چیئرمین کامران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے نئی آٹو پالیسی کی منظوری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملکی معیشت اور آٹو صنعت کے لیے خوش آئند اقدام قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں کامران خان نے کہا کہ نئی آٹو پالیسی سے پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ آٹو پارٹس کی مقامی تیاری کو فروغ ملنے سے ہزاروں افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوسکتے ہیں، جبکہ مقامی صنعت مضبوط اور ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پر ڈیوٹی میں کمی سے ان گاڑیوں کے استعمال کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔ اس اقدام سے پیٹرول اور ڈیزل پر انحصار کم کرنے، درآمدی ایندھن کے اخراجات گھٹانے اور قیمتی زرمبادلہ بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔
کامران خان کا کہنا تھا کہ نئی آٹو پالیسی پر مؤثر انداز میں عمل درآمد ضروری ہے تاکہ اس کے ثمرات آٹو شعبے سے وابستہ تاجروں، صنعت کاروں اور صارفین تک پہنچ سکیں۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور تمام متعلقہ فریقوں کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی پالیسی پاکستان میں صنعتی سرگرمیوں، روزگار اور معاشی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔
مزید پڑھیں:جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کا بڑا اسکینڈل، فہیم اکرم کے خلاف بڑا عدالتی فیصلہ















