اہم خبریں

جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کا بڑا اسکینڈل، فہیم اکرم کے خلاف بڑا عدالتی فیصلہ

جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کا بڑا اسکینڈل، فہیم اکرم کے خلاف بڑا عدالتی فیصلہ

لاہور ( اے بی این نیوز) جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے ذریعے 35 ارب روپے سے زائد کے مبینہ فراڈ کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ عدالت نے گرفتار ملزم فہیم اکرم کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ملزم فہیم اکرم کو ضلع کچہری لاہور میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے تفتیش کے لیے اس کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔ نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے جعلی امریکی ڈاک ٹکٹوں کی آن لائن فروخت کے مبینہ نیٹ ورک کا سراغ لگا کر مرکزی ملزم کو گرفتار کیا تھا۔


ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عاطف امیر کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر جعلی ویب سائٹ تیار کی، جس کے ذریعے تقریباً تین سال تک امریکی پوسٹل سروس کے نظام کو بائی پاس کرکے جعلی ڈاک ٹکٹ فروخت کیے جاتے رہے۔ حکام کے مطابق اس طریقے سے 50 لاکھ سے زائد ڈاک ٹکٹ فروخت کیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم یونٹ نے 6 اکتوبر کو اس کیس کی نشاندہی کی تھی۔ خانیوال سے تعلق رکھنے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے 10 روز تک کارروائی جاری رہی، جس کے بعد اسے گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عاطف امیر کے مطابق اس مبینہ فراڈ سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ 126 ملین امریکی ڈالر لگایا گیا ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 35 ارب روپے سے زائد بنتا ہے۔


حکام کے مطابق مبینہ فراڈ کے لیے خاندان کے 16 بینک اکاؤنٹس استعمال کیے گئے، جن میں ملزم، اس کے بھائی، اہلیہ، بہن اور خالہ کے اکاؤنٹس شامل ہیں۔

این سی سی آئی اے حکام کے مطابق کیس کی تحقیقات کے لیے 8 خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو مالی لین دین، مبینہ فراڈ کے طریقہ کار اور نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کے کردار کی چھان بین کررہی ہیں۔

ملزم کا 5 روزہ جسمانی ریمانڈ ملنے کے بعد تفتیشی حکام کو مالی معاملات اور مبینہ نیٹ ورک کے دیگر پہلوؤں کی تحقیقات کا موقع ملے گا۔ کیس میں مزید پیش رفت تفتیش مکمل ہونے کے بعد سامنے آنے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں‌:پاکستان سمیت چار ممالک کے درمیان دفاعی معاہدہ، اہم پیش رفت سامنے آگئی

متعلقہ خبریں