اسلام آباد ( رانا فرخ) شاپنگ بیگ پر پابندی کے معاملے پر تاجروں اور ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی سید ابرار حسین کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں شاپنگ بیگ کے استعمال کی حوصلہ شکنی اور متبادل انتظامات سے متعلق تجاویز پیش کی گئیں۔
ملاقات کے دوران تاجر رہنما اجمل بلوچ نے تجویز دی کہ مارکیٹوں میں ایسے بینرز لگائے جائیں جن پر شہریوں کو خریداری کے لیے گھر سے تھیلا لانے کی ترغیب دی جائے۔ انہوں نے دودھ اور دہی خریدنے کے لیے برتن گھر سے لانے کے حوالے سے بھی آگاہی بینرز لگانے کی تجویز پیش کی۔
اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ جب تک مارکیٹوں میں شاپنگ بیگ کا مناسب متبادل دستیاب نہیں ہوگا، اس مسئلے کا مکمل حل ممکن نہیں۔ انہوں نے حکومت اور متعلقہ وزارت پر زور دیا کہ شاپنگ بیگ کے استعمال کے خلاف آگاہی مہم چلائی جائے، کیونکہ حکومت کے پاس اس مقصد کے لیے فنڈز اور وسائل موجود ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی سید ابرار حسین نے کہا کہ شاپنگ بیگ کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔ انہوں نے تاجروں کو متبادل کے طور پر تقریباً 80 مائیکرون موٹائی والا شاپر بھی دکھایا۔
ملاقات میں طے کیا گیا کہ منظور شدہ شاپنگ بیگز کے استعمال کی اجازت دینے کے معاملے پر غور کیا جائے گا، جبکہ مینوفیکچررز سے تجاویز بھی طلب کی جائیں گی۔
اس حوالے سے تاجروں، مینوفیکچررز اور انتظامیہ کے نمائندوں پر مشتمل اگلی میٹنگ 22 اکتوبر کو طلب کرلی گئی ہے۔
واضح رہے کہ وزیر مملکت برائے داخلہ کی ہدایت پر شاپنگ بیگز کے خلاف کارروائیاں 20 اکتوبر تک روک دی گئی تھیں۔
مزید پڑھیں:مزدور بچے کو گاڑی سے کچلنے کا دلخراش واقعہ، پراسیکیوٹر جنرل پنجاب کا نوٹس،سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی















