ڈھاکا (اے بی این نیوز) بنگلا دیش نے لیفٹ آرم اسپنر ناہیدہ اختر کو ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ ٹیم کی نئی کپتان مقرر کردیا ہے۔ وہ نگار سلطانہ کی جگہ قیادت کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔
بنگلا دیشی میڈیا کے مطابق نگار سلطانہ نے قیادت سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد ناہیدہ اختر کو ایک سال کے لیے کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ مڈل آرڈر بیٹر شوبھنا کو ٹیم کا نائب کپتان بنایا گیا ہے، جو حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میچ میں تاریخی سنچری بنا کر نمایاں ہوئی تھیں۔
نگار سلطانہ نے 82 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں بنگلا دیش کی قیادت کی، جن میں ٹیم نے 32 فتوحات حاصل کیں۔ ایشیا کپ اور ایشین گیمز میں مایوس کن نتائج کے بعد انہوں نے کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔
25 سالہ ناہیدہ اختر نے ستمبر 2015 میں بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ وہ بنگلا دیش کی ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر ہیں۔ انہوں نے 17.38 کی اوسط سے 132 وکٹیں حاصل کی ہیں، جبکہ ان کی بہترین بولنگ 8 رنز کے عوض 5 وکٹیں ہے۔
ناہیدہ اختر ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں بھی بنگلا دیش کی نمائندگی کرتے ہوئے 81 وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔
مزیدپڑھیں:ملک میں سونے اور چاندی کی نئی قیمتیں سامنے آگئیں، خریداروں کے لیے اہم خبر















