اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان کے معروف اداکار و ماڈل عمران عباس نے ٹیلی ویژن ڈراموں سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ وہ گزشتہ دو سے تین سال سے اداکاری نہیں کر رہے اور اب رئیل اسٹیٹ کے کاروبار پر توجہ دے رہے ہیں۔
حال ہی میں عمران عباس نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں ٹیلی فون کے ذریعے شرکت کی، جس کی میزبان مشی خان تھیں۔ گفتگو کے دوران انہوں نے ڈراموں سے دوری اور اپنی نئی مصروفیات کے بارے میں بتایا۔
عمران عباس کا کہنا تھا کہ وہ اب ٹیلی ویژن پر کام نہیں کر رہے بلکہ رئیل اسٹیٹ کے کاروبار میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ آرکیٹیکٹ بھی ہیں اور اسی شعبے سے وابستگی کے باعث اسلام آباد میں تعمیراتی کام شروع کر رکھا ہے۔
اداکار کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب ان کا ایک ٹاور زیرِ تعمیر ہے، جس کی تکمیل میں ممکنہ طور پر ڈھائی سال لگ سکتے ہیں۔
عمران عباس نے مزید بتایا کہ وہ فلاحی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ والدین کے انتقال اور اپنی اولاد نہ ہونے کے باعث وہ دوسروں کے لیے ایسے کام کرنا چاہتے ہیں جن کا فائدہ انہیں آخرت میں مل سکے۔
مزید پڑھیں:محمود اچکزئی کی وزیراعظم سے ملاقات کا معاملہ، حکومت کا دوٹوک اعلان















