اسلام آباد (اے بی این نیوز) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو موبائل فون خریدنے سے قبل اس کی قانونی حیثیت اور آئی ایم ای آئی (IMEI) نمبر کی تصدیق کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ غیر منظور شدہ یا غیر قانونی ڈیوائسز کی خریداری سے بچا جاسکے۔
پی ٹی اے کے مطابق موبائل فون کی تصدیق کا آسان طریقہ یہ ہے کہ صارف اپنے موبائل پر #06#* ڈائل کرکے آئی ایم ای آئی نمبر معلوم کرے اور اسے فون کے ڈبے پر درج نمبر سے ملائے۔ اس کے بعد 8484 پر ایس ایم ایس بھیج کر ڈیوائس کی رجسٹریشن اور قانونی حیثیت سے متعلق معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ موبائل فون خریدتے وقت اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ڈیوائس پی ٹی اے سے منظور شدہ ہو۔ صارفین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ صرف قابلِ اعتماد دکانداروں سے فون خریدیں اور خریداری سے پہلے آئی ایم ای آئی نمبر کی تصدیق ضرور کریں۔
پی ٹی اے کے ڈیوائس آئیڈینٹی فکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کے ذریعے غیر تصدیق شدہ یا غیر قانونی آئی ایم ای آئی نمبرز والی ڈیوائسز کی نشاندہی اور انہیں بلاک کیا جاسکتا ہے۔ موبائل فون آپریٹرز کی جانب سے فراہم کردہ آئی ایم ای آئی سے متعلق معلومات بھی اس نظام میں استعمال ہوتی ہیں۔
حکام کے مطابق اگر کسی صارف کا موبائل فون بلاک ہوجائے تو وہ پی ٹی اے کے متعلقہ نظام کے ذریعے اس کی وجہ اور مزید کارروائی سے متعلق معلومات حاصل کرسکتا ہے۔
پی ٹی اے نے مزید ہدایت کی ہے کہ بیرون ملک سے درآمد کیے گئے ایسے موبائل فونز، جن پر متعلقہ ٹیکس اور ڈیوٹی واجب الادا ہو، ان کی ادائیگی اور ضروری رجسٹریشن مکمل کی جائے تاکہ ڈیوائس کو قانونی طور پر استعمال کیا جاسکے۔ موبائل ڈیوائسز کی غیر قانونی درآمد اور اسمگلنگ کے خلاف متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی بھی کی جاسکتی ہے۔
رجسٹریشن اور مزید معلومات کے لیے وزٹ کریں۔: www.pta.gov.pk
آج کے دن آپ کے ستارے آپ کی زندگی کے حوالے سے کیا کہتے ہیں















