اہم خبریں

خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج ،تمام تیاریاں مکمل

پشاور(اے بی این نیوز)خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی یا گورنر راج لگانے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنرز اور سیکریٹریز سمیت انتظامی تبدیلیوں سے متعلق ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے اور ریجنل اور ڈسٹرکٹ پولیس افسران کی تعیناتیوں سے متعلق فہرست بھی تیار کی گئی ہے۔

صوبے کے 12 اضلاع میں پہلے ایمرجنسی لگانے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

ذرائع کے مطابق ایمرجنسی یا گورنر راج لگانے یا نہ لگانےکا دارومدار اپوزیشن اور حکومت کے وفد کے درمیان مذاکرات پر ہے۔

پاکستان تحریکِ انصاف سمیت اپوزیشن اور وفاقی حکومت کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے پر ایمرجنسی یا گورنر راج نہیں لگایا جائے گا۔

خیبر پختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی لگانے کے معاملے کے باعث وفاقی کابینہ کے ارکان کو اسلام آباد میں رہنے کی ہدایت بھی کر دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کا اجلاس جلد بلائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف اور اعلیٰ عسکری حکام کی شرکت متوقع ہے، اجلاس میں قومی سلامتی کے اداروں کی رپورٹس کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

ادھر پی ٹی آئی نے سینٹرل اور کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا، اجلاس کچھ دیر بعد وزیر اعلی ہاؤس پشاور میں منعقد ہوگا، اجلاس میں پارٹی کی سینئر قیادت بھی شرکت کرے گی

اجلاس کی صدارت چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کریں گے، اسد قیصر، عاطف خان، جنید اکبر اور دیگر رہنما بھی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں لانگ مارچ، مذاکرات اور ممکنہ گورنر راج اور ایمرجنسی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ اجلاس کے لیے پشاور روانہ ہوگیا ہوں، اجلاس وزیراعلیٰ ہائوس میں منعقد ہورہا ہے۔
مزیدپڑھیں: اربوں روپے کے مبینہ آن لائن جوئے کے نیٹ ورک کا انکشاف،8 افراد کیخلاف مقدمہ درج

متعلقہ خبریں