اہم خبریں

ہالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ ایوا میری سینٹ انتقال کرگئیں، شوبز انڈسٹری سوگوار

ہالی ووڈ کی لیجنڈری اداکارہ ایوا میری سینٹ انتقال کرگئیں، شوبز انڈسٹری سوگوار

لاس اینجلس ( اے بی این نیوز) ہالی ووڈ کی لیجنڈری اور آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ ایوا میری سینٹ 102 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔

اداکارہ کے نمائندے جیف سینڈرسن کے مطابق ایوا میری سینٹ نے منگل کو لاس اینجلس میں اپنی رہائش گاہ پر اہل خانہ اور عزیزوں کی موجودگی میں آخری سانس لی۔

ایوا میری سینٹ نے 1954 کی شہرۂ آفاق فلم ’آن دی واٹر فرنٹ‘ سے فلمی کیریئر کا آغاز کیا، جس میں انہوں نے مارلن برانڈو کے ساتھ اداکاری کی۔ پہلی ہی فلم پر انہیں بہترین معاون اداکارہ کا آسکر ایوارڈ ملا۔

1959 میں الفریڈ ہچکاک کی فلم ’نارتھ بائی نارتھ ویسٹ‘ میں کیری گرانٹ کے مدِمقابل کردار نے ان کی شہرت کو مزید بلندی دی۔ سات دہائیوں پر محیط اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے پال نیومین اور وارن بیٹی سمیت ہالی ووڈ کے کئی بڑے اداکاروں کے ساتھ کام کیا۔

فلموں کے ساتھ ساتھ ایوا میری سینٹ نے ٹیلی ویژن پر بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کیں اور 1990 میں ’پیپل لائک اَس‘ پر ایمی ایوارڈ اپنے نام کیا۔

انہوں نے بڑھتی عمر کے باوجود اداکاری کا سلسلہ جاری رکھا اور ’سپرمین ریٹرنز‘ اور ’ونٹرز ٹیل‘ سمیت مختلف فلموں میں نظر آئیں۔ ان کی آخری فلم ’میریئٹ اِن ایکسٹیسی‘ 2019 میں ریلیز ہوئی۔

ایوا میری سینٹ کی شادی ٹی وی ڈائریکٹر جیفری ہیڈن سے ہوئی تھی اور دونوں تقریباً 65 برس تک ازدواجی رفاقت میں رہے۔ جیفری ہیڈن 2016 میں انتقال کرگئے تھے۔ اس جوڑے کے دو بچے ہیں۔
مزید پڑھیں‌:آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری، حسن نواز ٹاپ 50 میں شامل

متعلقہ خبریں