راولپنڈی (اے بی این نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی پی ٹی آئی کے کزن قاسم زمان کو پولیس نے حراست میں لے لیا، جس کے بعد راولپنڈی انتظامیہ نے انہیں 30 روز کے لیے نظر بند کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے سی پی او راولپنڈی کی درخواست اور ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر قاسم زمان کی نظر بندی کا حکم جاری کیا۔
حکم نامے کے مطابق قاسم زمان کو مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس کی دفعہ 3 کے تحت 30 روز کے لیے نظر بند رکھا جائے گا۔ حکم میں پولیس رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ غیر قانونی اجتماعات، تقاریر اور ممنوعہ سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
پولیس ذرائع کے مطابق قاسم زمان کو منگل کے روز اڈیالہ روڈ پر گورکھ پور کے علاقے سے حراست میں لیا گیا۔ انہیں پہلے اڈیالہ پولیس چوکی منتقل کیا گیا، بعد ازاں تھانہ صدر بیرونی منتقل کردیا گیا۔
قاسم زمان کی حراست ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے خیبرپختونخوا سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ جاری ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق مارچ کے مطالبات میں بانی پی ٹی آئی تک رسائی اور ان کی رہائی بھی شامل ہے۔

اس سے قبل قاسم زمان 22 ستمبر کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے، تاہم ان کی ملاقات نہیں ہوسکی تھی۔
پی ٹی آئی کے احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی اور اسلام آباد میں سیکیورٹی انتظامات سخت کیے گئے ہیں۔ قاسم زمان کی نظر بندی بھی اسی دوران عمل میں آئی ہے۔
مزید پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان، نوٹیفکیشن جاری















