اہم خبریں

پاکستان، ترکیہ تعلیمی تعاون میں بڑی پیش رفت، رفاہ یونیورسٹی کا اہم کردار

پاکستان، ترکیہ تعلیمی تعاون میں بڑی پیش رفت، رفاہ یونیورسٹی کا اہم کردار

اسلام آباد ( اے بی این نیوز) پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں تعاون کے فروغ کے لیے رِفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی نے فعال کردار ادا کیا ہے۔

ترکیہ کی کونسل برائے اعلیٰ تعلیم کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ایرؤل اوزوار کی قیادت میں 18 رکنی اعلیٰ تعلیمی وفد کے دورۂ پاکستان کے دوران رِفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کی قیادت نے ترک وفد کے ساتھ اہم ملاقاتوں اور سرگرمیوں میں شرکت کی۔ ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون اور ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دورانِ ملاقات مشترکہ تحقیق، تعلیمی پروگرامز، طلبہ و اساتذہ کے تبادلے اور پاکستانی و ترک جامعات کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ ترکیہ کے دورے کے دوران دونوں ممالک کی جامعات کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

رِفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی پہلے ہی ترکیہ کی ممتاز جامعات کے ساتھ اپنے بین الاقوامی تعلیمی روابط کو وسعت دے رہی ہے۔ ستمبر 2026 میں یونیورسٹی نے یلدز ٹیکنیکل یونیورسٹی، دوکوز ایلول یونیورسٹی اور صابانجی یونیورسٹی کے ساتھ تعلیمی تعاون کے معاہدے کیے، جن کے تحت مشترکہ تحقیق، علمی تبادلے اور طلبہ و فیکلٹی کی نقل و حرکت کے مواقع پیدا ہوں گے۔

رِفاہ یونیورسٹی کے چانسلر حسن محمد خان کی قیادت میں بین الاقوامی جامعات کے ساتھ شراکت داری کا مقصد پاکستانی طلبہ، اساتذہ اور محققین کے لیے عالمی تعلیمی و تحقیقی مواقع کو وسعت دینا اور جدید مہارتوں کے حصول کے راستے ہموار کرنا ہے۔

یونیورسٹی کے مطابق ان تعلیمی روابط کے ذریعے طلبہ اور فیکلٹی کو بین الاقوامی سطح پر علمی تبادلے، مشترکہ تحقیق اور پیشہ ورانہ ترقی کے مزید مواقع میسر آسکتے ہیں، جو مستقبل میں پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں میں اضافے اور روزگار کے بہتر مواقع پیدا کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

ترک اعلیٰ تعلیمی وفد نے بھی دورۂ پاکستان کو مفید، بامقصد اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور جدت کے شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں‌:خیبرپختونخوا کی صورتحال پر وزیراعظم شہباز شریف کی صدر زرداری سے دوبارہ ملاقات متوقع

متعلقہ خبریں